ایپل کمپنی کا آئی فون 15 کے حد درجہ گرم ہونے کا اعتراف، وجہ کیا ہے؟
Reading Time: 2 minutesایپل کمپنی نے نئے آئی فون 15 کے حد سے زیادہ گرم ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
یہ اعترافی بیان امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد آیا ہے جب اخبار نے صارفین کے آئی فون 15 کے گرم ہونے کی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے خود تجربہ کیا۔
ایپل کمپنی نے ایک سافٹ ویئر بَگ اور انسٹاگرام اور اوبر جیسی مشہور ایپس سے جڑے دیگر مسائل کو اپنے نئے آئی فون 15 کے حد سے زیادہ گرم ہونے کی وجہ ٹھہرایا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایپل نے حال ہی میں لانچ کیے گئے آئی فون 15 ماڈلز کے بہت زیادہ گرم ہونے کی شکایات پر پہلی بار ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ریاست کیلیفورنیا کے علاقے کپرٹینو میں قائم کمپنی نے سنیچر کو کہا کہ وہ ’آئی او ایس 17‘ سسٹم کے اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے جو آئی فون 15 لائن اپ کو چلاتا ہے تاکہ ڈیوائسز کو غیر آرام دہ حد تک گرم ہونے سے روکا جا سکے۔
ایپل کمپنی نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ وہ اُن ایپس کے ساتھ بھی کام کر رہی ہے جن کے چلنے سے ’فون حد درجہ گرم ہو رہا ہے۔‘
میٹا پلیٹ فارمز کی ملکیت والے انسٹاگرام نے گزشتہ ہفتے کے شروع میں اپنی سوشل میڈیا ایپ میں کچھ تکنیکی تبدیلی کی تاکہ اسے جدید ترین آئی فون آپریٹنگ سسٹم پر ڈیوائس کو گرم کرنے سے روکا جا سکے۔
ایپل نے کہا کہ اوبر اور دیگر ایپس جیسے کہ ویڈیو گیم اسفالٹ 9 اب بھی اپنی اپڈیٹس کو رول آؤٹ کرنے کے عمل میں ہیں۔
اس کے لیے ایپل نے کسی مخصوص مدت کا تعین نہیں کیا کہ اس کا اپنا سافٹ ویئر فکس کب جاری کیا جائے گا تاہم کہا کہ اپڈیٹ آنے تک کے انتظار میں آئی فون 15 کے صارفین کو ڈیوائس کو استعمال کرنے سے نہیں روکنا چاہیے۔
ایپل نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو فراہم کردہ ایک مختصر بیان میں بتایا کہ ’ہم نے کچھ ایسی وجوہات کی نشاندہی کر لی ہے جن کی وجہ سے آئی فون توقع سے زیادہ گرم ہو سکتا ہے۔‘
اپیل کمپنی کا یہ اُن میڈیا رپورٹس پر پہلا ردعمل ہے جن میں صارفین کی جانب سے فون کے گرم ہونے کی شکایات آن لائن پوسٹ کی گئی تھیں۔
نئے آئی فون کے گرم ہونے کے اپنے اعترافی بیان میں ایپل کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ اس کا تعلق ٹائٹینیم کیسنگ سے نہیں ہے۔
خیال رہے کہ نئے اور اعلیٰ درجے کے آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں پرانے سمارٹ فونز میں استعمال ہونے والے سٹینلیس سٹیل کے بجائے ٹائٹینیم استعمال کیا گیا ہے۔
ایپل نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا کہ نئے ماڈلز میں اوور ہیٹنگ کا مسئلہ اس کی ملکیتی لائٹننگ چارجنگ کیبل سے زیادہ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی سی پورٹ پر منتقل ہونے سے منسلک ہو سکتا ہے۔
یورپی ریگولیٹرز کے جاری کردہ مینڈیٹ کی تعمیل کرتے ہوئے نئے آئی فون میں چارجنگ پورٹ کو تبدیل کیا گیا ہے۔