اہم خبریں متفرق خبریں

فتح کا نام ’غلامی نامنظور‘، پی ٹی آئی کا تاخیر کے خلاف احتجاج کا اعلان

فروری 10, 2024 2 min

فتح کا نام ’غلامی نامنظور‘، پی ٹی آئی کا تاخیر کے خلاف احتجاج کا اعلان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ رات دو بجے تک نتائج کا اعلان کرے، اگر ایسا نہ ہو تو اس کی وجوہات بتائی جائیں۔

سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر جگہ نتائج تاخیر کا شکار ہوئے۔ پانچ بجے پولنگ ختم ہوئی اور رات دس بجے تک دس فیصد سے بھی کم نتائج سامنے آئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کو 170 نشستوں کی برتری ہے۔ ان میں سے 94 نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نتائج تسلیم کر کے جاری کیے۔

’خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 45 میں سے 39 نشستیں جیت چکی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کی جبکہ پنجاب میں بھی اکثریت حاصل کر چکے ہیں۔‘

’الیکشن کمیشن پہلے بھی اپنی ذمہ داریوں میں ناکام رہا تھا اور نتائج مرتب کرنے میں بھی ناکام رہا۔ دانستہ طور پر کوشش کی گئی کہ پی ٹی آئی کے کامیاب امیدواروں کو ناکام کیا جائے۔‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’سب سے درخواست ہے کہ ہمارے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور اس کو تسلیم کیا جائے۔ مکمل نتائج جلد از جلد اعلان کیا جائے۔‘

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ جہاں نتائج تاخیر کا شکار ہیں وہاں ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر اتوار کو پُرامن احتجاج کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ’ہم اس فتح کا نام ’غلامی نامنظور‘ رکھتے ہیں۔ گزشتہ روز ایک 50 نشستیں نہ رکھنے والے نے کہا کہ وہ حکومت بنائیں گے اس کی مذمت کرتے ہیں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنائے گی۔ خیبر پختونخوا میں بھی حکومت بنائیں گے۔ مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ کے لیے نام بتائیں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے