اُڑتے طیارے سے پہیہ الگ ہو گیا، زمین پر گرنے سے کیا نقصان ہوا؟
Reading Time: < 1 minuteامریکہ کی یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز کا پہیہ ٹیک آف کے بعد فضا میں طیارے سے الگ ہو کر زمین پر آگرا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو سان فرانسسکو سے جاپان کے شہر اوساکا جانے والی بوئنگ 777 کی پرواز کا پہیہ ٹیک آف کے فوری بعد طیارے سے الگ ہو کر ایئرپورٹ کی پارکنگ میں موجود گاڑیوں پر جا گرا تھا۔
ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا یا کہ طیارے نے جیسے ہی ٹیک آف کیا تو اس کے لینڈنگ گیئر اسمبلی پر موجود چھ پہیوں میں سے ایک نیچے جا گرا۔
طیارے کا پہیہ سان فرانسسکو ایئرپورٹ کے ملازمین کے لیے مختص کی گئی کار پارکنگ میں گرا جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
حادثے کے وقت طیارے میں 249 مسافر سوار تھے جنہیں فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد لاس اینجلس ائیرپورٹ پر بہ حفاظت اتار لیا گیا، تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے مطابق 2002 میں بنایا گیا یہ طیارہ پہیوں کو کسی قسم کے نقصان کی صورت میں بھی محفوظ طریقے سے لینڈ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل بھی طیارہ بنانے والی کمپنی بوئنگ کو کوالٹی کنٹرول کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا جب جنوری میں بوئنگ 737 میکس 9 کے دروازے کا پینل دوران پرواز طیارے سے الگ ہو کر ہوا میں اڑ گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد تمام بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کو 19 دن کے لیے ہنگامی بنیادوں پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔
امریکی ریگولیٹرز نے گزشتہ ہفتے بوئنگ کو کوالٹی کنٹرول کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کرنے کے لیے 90 دن کا وقت دیا تھا۔