سڈنی کے شاپنگ مال میں چاقو سے حملہ، چھ افراد ہلاک
Reading Time: < 1 minuteآسٹریلیا کے شہر سڈنی کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے متعدد افراد پر چاقو سے حملہ کیا تاہم ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس آفیسر نے حملہ آور کو گولی مار کے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
یہ واقعہ سڈنی کے ویسٹ فیلڈ بونڈی مال میں پیش آیا جہاں عام طور پر شاپنگ کے لیے آئے افراد کا رش لگا ہوتا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس اسسٹنٹ کمیشنر اینتھونی کُک نے کہا کہ پانچ افراد اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
حملہ آور کے مقاصد کا فی الحال تعین نہیں ہو سکا تاہم اینتھونی کُک کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردی‘ کے محرکات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آور کے حوالے سے معلومات نہیں مل سکیں تاہم شناخت کی جا رہی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس ترجمان کا کہنا ہے کہ آٹھ زخمیوں کو سڈنی کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
مقامی میڈیا پر نشر فوٹیج میں ایک شخص کو آسٹریلوی رگبی کی شرٹ پہنے اور ایک بڑی چھری اٹھائے مال میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد زمین پر پڑے ہوئے ہیں۔