سوشل میڈیا پر خفیہ سرکاری دستاویز شیئر کرنا جرم، دو سال قید ہوگی: وزیر دفاع
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خفیہ قرار دی گئی سرکاری دستاویزات شیئر کرنے والوں کو دو سال قید بھگتنا ہوگی۔
اُن کے مطابق وفاقی حکومت نے حساس اور خفیہ معلومات کی غیر مجاز تشہیر، خاص طور پر، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خفیہ دستاویزات (خصوصا جن دستاویزات پہ سیکرٹ بھی لکھا ھو )کی کھلے عام نمائش کا سخت نوٹس لیا ہے۔
پیر کو ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی معلومات کا پھیلاؤ پاکستان کے سٹریٹیجک اور اقتصادی مفادات کو زک پہنچانے کے علاوہ اس کے دوست اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس تناظر میں وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام افراد کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں جو خفیہ معلومات یا دستاویزات کے افشا کرنے یا پھیلانے میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث پائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جرم کی سزا دو سال قید اور جرمانے کی صورت میں بھگتنا ہو گی۔