’ثاقب نثار کا فیصلہ ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا‘، نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر منتخب
Reading Time: < 1 minuteپاکستان مسلم لیگ ن نے منگل کے روز نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر پارٹی کا صدر منتخب کر لیا ہے۔
ن لیگ نے اپنے صدر کا انتخاب لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا۔
مسلم لیگ ن کے نومنتخب صدر اور سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ثاقب نثار کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے۔
پارٹی کی طرف سے بنائے چیف الیکشن کمیشن رانا ثنااللہ نے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دس کاغذات کمیشن کو موصول ہوئے جو صرف نواز شریف کے ہی تھےاور جانچ پڑتال میں یہ کاغذات درست ثابت ہوئے۔
ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں آیا۔ اس کے بعد چیف الیکشن کمیشن نے جنرل کونسل کے سامنے قرار داد پیش کی جسے منتفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
مسلم لیگ کے صدر منتخب ہونے کے بعد پارٹی کے جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’احسن اقبال نے کہا کہ آپ خاموشی اختیار کریں۔ میں احسن صاحب سے پوچھتا ہوں کہ ثاقب نثار نے مجھے مسلم لیگ کی صدارت سے تاحیات کے لیے نااہل کیا۔ یہ مجھے واپس لے آئے ہیں تو یہ خاموش کیوں ہو۔‘
نواز شریف نے کہا کہ ’آپ خوشی اس کی نہ منائیں کہ نواز شریف صدر بننے ہیں بلکہ اس کی خوشی منائیں کہ آپ نے ثاقب نثار کا فیصلہ دری کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔‘
’مجھے نااہل کیوں کیا گیا اس لیے کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی‘
اس موقع پر نواز شریف نے شہباز شریف کو تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو مجھ سے الگ کرنے کی کوششیں کی گئی، ان کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے سارے آفرز ٹھکرا دیے۔‘