مقتول پشتو شاعر گیلامن وزیر کے جسدِ خاکی کے ساتھ ہزاروں کا قافلہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے قبائلی ضلع وزیرستان سے تعلق رکھنے والے شاعر گیلامن وزیر کی قاتلانہ حملے میں موت کے بعد لاکھوں افراد سوشل میڈیا پر سوگ میں ڈوبے کلمات ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب گیلامن وزیر کا جسدِ خاکی اسلام آباد کے پمز ہسپتال سے ایک بڑے قافلے کے ساتھ اُن کے آبائی علاقے میں پہنچایا گیا جہاں جمعے کو اُن کی تدفین کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں اسلام آباد سے کوہاٹ تک ہزاروں افراد کو گیلامن وزیر کی میت لے جانے والے ایمبولینس کے گرد دیکھا گیا۔
کوہاٹ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے قائد منظور پشتین نے مقتول گیلامن وزیر کے آخری دیدار کے لیے اکھٹے ہونے والے افراد سے پُرامن رہنے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
گیلامن وزیر کو چند روز قبل اسلام آباد کے مضافاتی سیکٹر بی 17 میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی کر دیا گیا تھا اور وہ پمز ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِعلاج تھے جہاں جمعرات کو علی الصبح اُن کی موت ہوئی۔
گیلامن وزیر اپنی انقلابی پشتو شاعری کے لیے پشتون نوجوانوں میں بے حد مقبول تھے۔ اُن کو ماضی میں نامعلوم افراد نے اغوا بھی کیا تھا اور وہ کافی عرصہ غائب رکھے گئے۔