پاکستان کا اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حکام نے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جمعے کو سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایک بڑی کارروائی میں اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
محکمہ انسداد دہشت گردی کے ڈی آئی جی عثمان اکرم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتاری گجرات سےکی گئی.
قبل ازیں سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان نےبتایا تھا کہ ’دہشت گرد کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔‘
ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امین الحق کی گرفتاری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ’سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔‘
محکمہ انسداد دہشت گردی کے حکام نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اسامہ بن لادن سنہ 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوجی آپریشن میں مارے گئے تھے۔
ماضی میں بین الاقوامی طور پر مطلوب دہشت گردوں کو پاکستان میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔