کراچی ڈیفنس میں فائرنگ، بگٹی خاندان کے دو دھڑوں کے پانچ ہلاک
Reading Time: < 1 minuteکراچی میں پولیس نے کہا ہے کہ ڈیفنس کے علاقے میں فائرنگ سے بگٹی خاندان کے دو دھڑوں کے پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی شب تقریباً ساڑھے گیارہ بجے درخشاں تھانے کی حدود میں پیزا میکس کے قریب نشاط کمرشل لین – 10 پر بگٹی خاندان کے دو قبائلی گروپوں کے درمیان پیش آیا۔
فائرنگ کا تبادلہ فہد بگٹی اور علی حیدر بگٹی کے گروپوں کے مابین تھا۔ نتیجے میں فہد بگٹی ولد احمد نواز عمر 50 سال اور نصیب اللہ عمر 35 سال مارے گئے۔
دوسری طرف علی حیدر بگٹی گروپ کے میر محسم بگٹی ولد میر علی حیدر بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی ولد میر علی حیدر بگٹی، اور میر علی بگٹی کے علی نامی گن مین سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی۔
علاوہ ازیں علی حیدر بگٹی کے ایک ہی طرف سے دو افراد میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی ولد غلام قادر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔