اولمپکس باکسنگ میں نیا تنازع، کیا ایمان خلیف مرد ہیں؟
Reading Time: < 1 minuteایمان خلیف الجیریا کی خاتون باکسر ہیں جو اس وقت پیرس اولمپکس میں سب سے بڑی خبر یا مشہور شخصیت بن چکی ہیں۔
ایمان خلیف سنیچر کو پیرس اولمپکس میں اگلی فائٹ میں حصہ لینے والی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ روز اطالوی کھلاڑی انجیلا کیرینی سے اپنا باکسنگ میچ جیت لیا تھاجس کے بعد ان کی جنسی شناخت کا تنازع کھڑا ہوا.
جمعرات (یکم اگست) کو اٹلی کی انجیلا کیرینی نے ایمان خلیف کے ساتھ اپنے راؤنڈ آف 16 کے مقابلے میں صرف 46 سیکنڈ میں ہی خود کو اُس وقت الگ کر لیا، جب الجزائری کھلاڑی نے ایک زوردار پنچ رسید کیا۔
سفید فام اطالوی کھلاڑی اُس کے بعد رو پڑیں اور دُنیا بھر کے میڈیا ہاؤسز نے فائٹ کو خصوصی کوریج دی۔
ایمان خلیف کے مخالفین کہتے ہیں کہ اُن کو مردوں کے مقابلے میں اُتارنا چاہیے کیونکہ وہ مخنث مرد (ٹرانس) ہیں جبکہ حقیقتا وہ ایک عورت ہیں اور وہ پیدائشی طور پر خواتین کے جنسی یا جسمانی اعضا رکھتی ہیں۔
اس سے قبل اُن کو دیگر عالمی مقابلوں سے اس لیے باہر کیا گیا تھا کہ وہ بائیولوجیکل ٹیسٹ میں خود کو عورت ثابت کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
ماہرین جنسیات کے مطابق جسمانی ساخت کے لحاظ سے وہ عورت ہیں تاہم بائیولوجیکل تجزیہ جس میں مرد اور عورت کے حاوی کروموسومز کو دیکھا جاتا ہے اس میں وہ عورت ثابت نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے اُن پر پابندی لگائی گئی تھی۔
ایمان خلیف کو اولمکپس کی عالمی تنظیم نے عورت کے طور پر شناخت کیا ہے اور اُن کو خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں شرکت کی اجازت دی ہے۔