پاکستان

بلوچستان کے علاقے پنجگور میں پنجاب کے سات مزدور قتل

ستمبر 29, 2024 2 min

بلوچستان کے علاقے پنجگور میں پنجاب کے سات مزدور قتل

Reading Time: 2 minutes

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ فائرنگ کے واقعے میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا ہے۔

پنجگور کے پولیس حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی شب پنجگور کے علاقے خدابدان کے محلہ عبدالرحمان میں پیش آیا جہاں مزدوروں کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ سوئے ہوئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ مزدور دن کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی کام کرتے تھے اور رات کو یہاں آکر ایک گھر کے قریب کُھلے میدان میں سو جاتے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق حملے میں سات مزدور ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ مجموعی طور پر نو مزدور یہاں رہائش اختیار کیے ہوئے تھے، تاہم ان میں سے ایک مزدور بچ گیا کیونکہ وہ حملے کے وقت وہاں موجود نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کی نعشوں اور زخمی مزدور کو پنجگور کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق نشانہ بننے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع ملتان اور اطراف کے علاقوں سے تھا۔

بلوچستان میں اس سے قبل بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد اور مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں، تاہم حالیہ دنوں کے دوران ان میں اضافہ ہوا ہے۔

گذشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل، کچھی، مستونگ، قلات اور لسبیلہ میں عسکریت پسندوں نے بیک وقت حملہ کرکے 40 سے زائد افراد کو قتل کردیا تھا۔

ان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 20 مزدور بھی شامل تھے جنہیں موسیٰ خیل میں بسوں سے اُتار کر شناخت کے بعد گولیاں ماری گئیں۔

رواں سال اپریل میں بھی عید کے تیسرے دن پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔

ان افراد کو کوئٹہ سے ایران جاتے ہوئے نوشکی میں بسوں سے اُتار کر شناخت دیکھنے کے بعد قتل کیا گیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے