کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر دھماکے میں 14 فوجیوں سمیت 25 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکے سے 25 افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ 40 سے زائد زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کے مطابق سول ہسپتال کے مردہ خانے میں 22 لاشیں لائی گئی ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ نے کہا کہ دھماکہ بظاہر خودکش لگتا ہے۔
دھماکہ ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر ہوا ہے جہاں مسافروں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرین نے 9 بجے روانہ ہونا تھا تاہم ٹرین کے پلیٹ فارم پر پہنچنے سے پہلے دھماکہ ہوا۔
مسافر کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کے انتظار میں تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پلیٹ فارم کی لوہے کی چھت اڑ گئی اور سٹیشن کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔
امدادی ٹیمیں اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد قابل رحم نہیں۔