موبائل فون چارجر پھٹنے سے گھر میں آگ، سات افراد ہلاک
Reading Time: < 1 minuteسعودی عرب کے سب سے بڑے صوبے الاحسا کے ایک گھر میں موبائل فون چارجر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے باعث خاندان کے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خاندان کے افراد رات کو سوگئے تھے جبکہ موبائل چارجر سوئچ میں لگا ہوا تھا۔
گرم ہونے کی وجہ سے چارجر پھٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر میں پھیل گئی۔
گھر کے سربراہ اور ان کی اہلیہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی جس سے دونوں زخمی ہوگئے جبکہ کمروں میں سوئے ہوئے بچے دھوئیں سے دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی محکمہ شہری دفاع کی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں، تاہم اس وقت تک دم گھٹنے سے 7 افراد کی موت ہو چکی تھی۔
محکمہ شہری دفاع نے عوام سے کہا ہے کہ ’آگ لگنے کی صورت میں پہلے اسے بجھانے کے بجائے وہاں موجود افراد کو بچانے کی کوشش کی جائے اور فوری طور پر گھر خالی کردیا جائے۔‘
محکمے کا مزید کہنا تھا کہ ’آتشزدگی سے پیدا ہونے والا دھواں زہر کا کام کرتا ہے اور اس حادثے میں بیشتر ہلاکتیں دھوئیں سے دم گھٹنے سے ہوئی ہیں۔‘