متفرق خبریں

بلوچستان کے علاقے مچھ میں پاکستانی فوج پر حملہ، سات اموات کی تصدیق

مئی 6, 2025 < 1 min

بلوچستان کے علاقے مچھ میں پاکستانی فوج پر حملہ، سات اموات کی تصدیق

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ ’انڈین آلہ کار اور نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے مچھ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کر کے 7 اہلکاروں کو شہید کر دیا ہے۔‘

منگل کو ایک بیان میں فوج نےبتایا کہ ’دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا۔‘

’حملے میں شہید ہونے والوں میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک مشکور علی، نائیک آصف خان، سپاہی واجد احمد فیض، سپاہی محمد عاصم، سپاہی طارق نواز اور سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔‘

آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’اس گھناؤنی اور بُزدلانہ کارروائی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ’حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔‘

’فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم، بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ’ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

’پاکستان کی بہادر قوم، سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے پاک سرزمین پر سرگرم انڈیا اور اس کے آلہ کاروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے