ڈیموکریٹس والے بڑے شہروں سے تارکین وطن کو امریکہ بدر کیا جائے، صدر ٹرمپ کی ہدایت
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز وفاقی امیگریشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپوزیشن پارٹی ڈیموکریٹس کے زیرانتظام شہروں سے تارکین وطن کی امریکہ بدری کو ترجیح دیں۔
یہ اقدام لاس اینجلس اور دیگر بڑے شہروں میں ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف ہونے والے بڑے مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں یو ایس امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکاروں سے کہا کہ ”تاریخ کے واحد سب سے بڑے پیمانے پر ملک بدری کے پروگرام کے انتہائی اہم ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی طاقت سے پوری کوشش کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہدف تک پہنچنے کے لیے حکام کو "امریکہ کے سب سے بڑے شہروں، جیسے لاس اینجلس، شکاگو، اور نیویارک میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو حراست میں لینے اور ملک بدر کرنے کی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے، جہاں لاکھوں غیرقانونی تارکین مقیم ہیں۔”