صدر ٹرمپ اور اسرائیل کی تہران کے رہائشیوں کو علاقے خالی کرنے کی وارننگ
اسرائیل نے تہران میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شہر کو خالی کر دیں، جس کے بعد لڑائی خطرناک موڑ مڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک سنگین نوعیت کا پیغام پیر کو رات گئے سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے تہران کو فوری طور پر خالی کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ ’ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے اور ہر کسی کو تہران سے نکل جانا چاہیے۔‘
قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل ایران لڑائی میں شدت کے باعث جی سیون اجلاس کو اچانک چھوڑ کر واپس روانہ ہو رہے ہیں۔
شہر کو خالی کرنے کی وارننگ کے بعد تہران کے وسطی حصے میں مقیم تین لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ایران کا ریاستی ٹی وی مرکز اور پولیس ہیڈکوارٹرز بھی اسی شہر میں واقع ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایسی ہی وارننگ غزہ اور لبنان کے کچھ حصوں پر حملوں سے قبل جاری کی تھی۔
اسرائیل کی جانب سے ایران کے ایک اعلیٰ کمانڈر اور سپریم لیڈر کے قریبی ساتھی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔