ماہرنگ بلوچ کا افواجِ پاکستان کے ترجمان کو ہتک عزت کا نوٹس
انسانی حقوق کی کارکن ماہرنگ بلوچ نے پاکستانی فوج کے ترجمان کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔
لیگل نوٹس میں ماہرنگ بلوچ نے افواج کے ترجمان سے پریس کانفرنس اور ایک حالیہ عوامی تقریب کے دوران اپنے خلاف دیے گئے "جھوٹے، بدنیتی پر مبنی اور جان لیوا” بیانات کو معافی مانگ کر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ لیگل نوٹس ماہرنگ بلوچ کے وکلا ایمان زینب مزاری حاضر اور ہادی علی چٹھہ کے ذریعے بھیجا گیا۔
یہ نوٹس گزشتہ ماہ 23 مئی 2025 کو انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کے ایک پریس کانفرنس کے دوران دیے گئے ریمارکس اور 2 جون 2025 کو راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب میں تقریر کے بعد بھیجا گیا ہے۔
پاکستان کے قومی میڈیا پر وسیع پیمانے پر نشر کیے گئے اور سرکاری آئی ایس پی آر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کیے گئے تبصروں میں افواج کے ترجمان نے ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) پر "دہشت گردوں کی پراکسیز” اور غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی پشت پناہی سے کام کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
نوٹس میں فوجی ترجمان کے بیانات کے اقتباسات کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا: "جب آپ BYC اور مہرنگ بلوچ کی بات کرتے ہیں، تو آپ کو ان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنا چاہیے… وہ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں… پھر وہ لاپتہ افراد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں… اب پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ وہ اور BYاس دہشت گردی کے پراکسی ہیں۔”
لیگل نوٹس کے مطابق ان بیانات نے ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کی ساکھ کو "شدید نقصان پہنچایا، ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا، ان کو ہراساں کیا اور دھمکایا گیا۔
لیگل نوٹس یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ اس بیانیے کے بعد جلد ہی اسلامک سٹیٹ خراسان (ISKP) کی جانب سے ایک دھمکی آمیز ویڈیو سامنے آئی، جس میں گروپ نے غیر مسلح بلوچ شہریوں اور BYC سمیت گروپوں کو نشانہ بنایا۔
یہ لیگل نوٹس ہتک عزت کے قانون مجریہ 2002 کے تحت بھیجا گیا اور 14 دن میں جواب مانگا گیا ہے۔
اس میں سوشل میڈیا سے تمام ایسا مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو ماہرنگ بلوچ کے خلاف افواج کے ترجمان کی جانب سے جاری کیا گیا۔
نوٹس میں ایک کروڑ روپے ہرجانے ادا کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔