سیاحتی مقام ناران میں گلیشیئر تلے دبنے سے تین افراد ہلاک
خیبر پختونخوا کے مشہور سیاحتی علاقے ناران میں سوہنی آبشار کے قریب گلیشیئر گرنے سے تین افراد دب کر ہلاک ہو گئے۔
صوبائی مشیر سیاحت زائد چن زیب نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 35 سالہ طاہر، 13 سالہ ابو بکر اور 22 سالہ طیب کی جان چلی گئی۔
تینوں افراد کا تعلق لاہور سے تھا۔
مرنے والے افراد کی میتیں ناران سے لاہور منتقلی کے لیے انتظامات جاری ہیں۔
مشیر سیاحت نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی کی تعریف کی۔
سیاحوں کو غیر مستحکم علاقوں میں جانے اور سیلفیاں لینے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر احتیاطی تدابیر کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔
مشیر سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زاہد چن زیب نے کہا کہ سیاح فطری حسن سے لطف اندوز ہوں مگر احتیاط کو ترجیح دیں۔