عالمی خبریں

بنگلہ دیش میں ایئرفورس کا جیٹ سکول میں گر گیا، طلبا سمیت 16 افراد ہلاک

جولائی 21, 2025

بنگلہ دیش میں ایئرفورس کا جیٹ سکول میں گر گیا، طلبا سمیت 16 افراد ہلاک

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ سکول میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے جن میں سے زیادہ تر طلبا ہیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس حادثے میں 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے جن میں سے 83 کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

چینی ساختہ ایف 7 بی جے آئی طیارے نے مقامی وقت کے مطابق ایک بجے اڑان بھری اور جلد ہی ’مائل سٹون سکول اینڈ کالج‘ کے کیمپس سے ٹکرا گیا۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے بڑے دھماکے کی آواز سنی اور ایسا لگا جیسے زلزلہ آ گیا ہے۔

سکول کے ایک 18 سالہ طالب علم شفیع الرحمان نے کہا کہ ’ہمارے دو کھیل کے میدان ہیں۔ ایک سینیئر اور دوسرا جونیئر طلبا کے لیے۔ ہم سینیئرز کے میدان میں تھے۔ اچانک دو میں سے ایک طیارہ جونیئرز کے گراؤنڈ میں گر گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ‘ایک زوردار دھماکہ ہوا اور زلزلے کی طرح محسوس ہوا۔ پھر اس میں آگ لگ گئی، اور بعد میں فوج موقع پر پہنچ گئی۔‘

عبوری حکومت نے منگل کو ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق غمزدہ والدین اور متاثرین کے رشتہ دار دارالحکومت کے نیشنل برن اینڈ پلاسٹک سرجری انسٹی ٹیوٹ میں جمع ہوئے۔

بہت سے لوگ اپنے بچوں کو ان کی وردی اور دیگر سامان سے پہچاننے کی کوشش کر رہے تھے۔

حکومت کے عبوری سربراہ محمد یونس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعے پر ’گہرے رنج و غم‘ کا اظہار کیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے