پاکستان

کھل کر کہیں کہ دو بچے پیدا کریں

اکتوبر 30, 2018 2 min

کھل کر کہیں کہ دو بچے پیدا کریں

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے آبادی میں اضافے پر قابو پانے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کو عوام الناس تک پہنچانے اور لوگوں میں شعور پیدا کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو تین روز تک مفت تشہیر کی ہدایت کی ہے ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ آبادی کنٹرول آگاہی کی واک کیلئے خود نکلنے کو تیار ہوں ۔

عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی ۔ عدالت کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے بتایا کہ عدالتی حکم پر تشکیل دی گئی کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں، ان پر عمل کیلئے پہلے مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری ضروری ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تیس سال میں آبادی کا کیا حال ہو جائے گا، آبادی 45 کروڑ ہو جائے گی، وسائل کہاں سے آئیں گی، صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات کیسے فراہم کریں گے؟
چیف جسٹس نے عدالت میں پیش ہونے والے وزارت صحت کے افسران سے کہا کہ آبادی کنٹرول کیلئے آج ہی آگاہی پھیلانے نکل پڑیں، اس مہم سے دو جوڑے آج رات ہی سوچیں کہ ہم نے آبادی کنٹرول کرنی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے بچوں کو کھل کر کہنا پڑے گا کہ دو بچے پیدا کریں ۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ اس مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا پڑے گا کہ آبادی کو کنٹرول کرنا اسلام کے خلاف ہے ۔ چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سے کہا کہ آپ سے بھی مجھے مسئلہ ہے، آپ کے بھی ماشا اللہ آٹھ بچے ہیں ۔ اس بات پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے بیٹے شہباز کو بلا کر کہتا ہوں کہ اب ذرا دھیان سے ۔ عدالت میں موجود لوگ ایک بار پھر ہنس پڑے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آبادی کنٹرول واک پر خود نکلوں گا، آبادی کنٹرول کیلئے سیمینار کرائیں گے، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کمیٹی سفارشات کی تین دن مفت تشہیر کرے، حکومت مشترکہ مفادات کونسل سے سفارشات کی منظوری لے ۔

 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے