فوج نے علمائے کرام کو وزیرستان کا دورہ کرایا
Reading Time: < 1 minuteفوج نے ملک کے علمائے کرام و مذہبی سکالرز کے وفد کو دورہ شمالی وزیرستان کا دورہ کرایا ہے ۔ وفد میں ملک بھر سے مختلف مسالک کے 12 سے زیادہ علمائے کرام اور مذہبی رہنما شامل تھے ۔
شمالی وزیرستان میں جی او سی میجر جنرل ممتاز حسین نے وفد کو علاقے کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ جی او سی نے وفد کو علاقے میں فوجی آپریشن، امن و استحکام اور تعمیر نو سے متعلق آگاہ کیا ۔
جاری کئے گئے بیان کے مطابق مذہبی رہنماؤں کے وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
شمالی وزیرستان میں وفد کی ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان اور عمائدین علاقہ سے بھی ملاقات کرائی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کی بحالی اور امن و امان سے متعلق وفد کے شرکاء کو اعتماد میں لیا ۔ وفد نے میران شاہ اور میرعلی میں مختلف عوامی مقامات کا بھی دورہ کیا ۔
![](https://pakistan24.tv/wp-content/uploads/2018/12/671FD6A8-2052-4723-BC9C-170D2912D95F-300x200.jpeg)
شمالی وزیرستان دورے پر لے جائے گئے وفد میں مولانا مفتی عبدالرحیم، علامہ امین شہیدی، علامہ عارف حسین واحدی، مولانا احمد لدھیانوی، مفتی محمد نعیم شامل تھے ۔
فوج نے وفد میں محمد راغب حسین نعیمی، پیر محمد امین الحسنات شاہ، علامہ افتخار حسین نقوی، مولانا زاہد محمود قاسمی، ڈاکٹر قبلہ آیاز، مولانا فضل الرحمان خلیل اور محمد یاسین ظفر کو بھی شامل کیا تھا ۔