تازہ ترین فضائی حادثے میں امریکی ریاست الاسکا میں جہاز ریڈار سے غائب، تلاش جاری
Reading Time: 2 minutesامریکی ریاست الاسکا میں تازہ ترین فضائی حادثے میں جہاز پائلٹ اور 9 مسافروں کے ساتھ لاپتہ ہو گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق مقامی ریسکیو حکام ایک چھوٹے تجارتی طیارے کو تلاش کر رہے ہیں جس پر پائلٹ سمیت 10 افراد سوار تھے۔
الاسکا کی ریاستی پولیس نے بتایا کہ بیرنگ ایئر کارواں جس میں نو مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھے، جمعرات کو الاسکا کے معیاری وقت کے مطابق شام 4:00 بجے انالکلیٹ سے نوم جانے والی پرواز میں تاخیر کا شکار ہونے کی اطلاع ملی۔
دونوں شہر ریاست کے مغربی ساحل پر نورٹن ساؤنڈ کے اس پار ایک دوسرے سے تقریباً 146 میل (235 کلومیٹر) کے فاصلے پر واقع ہیں۔
نوم کے رضاکار فائر ڈپارٹمنٹ نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ’طیارے کے پائلٹ نے اینکریج ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا کہ ’وہ غائب ہونے سے پہلے رن وے کے کلیئر ہونے کا انتظار کرتے ہوئے ہولڈنگ پیٹرن میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتا تھا۔‘
محکمے نے مزید کہا کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے لاپتہ جہاز کو تلاش کرنے میں زمینی عملے کی مدد کے لیے ایک C-130 طیارہ روانہ کیا تھا۔
جمعے کو تازہ ترین اپ ڈیٹ میں اس نے کہا کہ ’ہمارے پاس لاپتہ طیارے کے مقام کے بارے میں کوئی تازہ ترین معلومات نہیں۔
’عملہ اب بھی زمین پر تلاش کر رہا ہے، زیادہ سے زیادہ علاقے کو چھان رہا ہے۔‘
فلائٹ ریڈار24 پر جہاز کی آخری معلوم پوزیشن ٹیک آف کے تقریباً 40 منٹ بعد پانی کے اوپر تھی۔
لاپتہ پرواز ریاستہائے متحدہ امریکہ میں ہوا بازی کے حادثوں کے حالیہ سلسلے میں تازہ ترین واقعہ ہے۔
30 جنوری کو دارالحکومت واشنگٹن میں ایک مسافر طیارہ امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر سے فضا میں ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں میں سوار تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس حادثے کے بعد گزشتہ ہفتے فلاڈیلفیا کے ایک مصروف محلے میں طبی طیارے کے گر کر تباہ ہونے سے سات افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے۔