ہم نے بھی پاکستانی ایف سولہ گرایا
Reading Time: < 1 minuteاںڈیا کی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے بھی ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ مار گرایا ہے ۔
ترجمان ایئر وائس مارشل کپور نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی صبح پاکستان کی جانب سے انڈین عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی اور اس کے بعد ہونے والی لڑائی میں ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ بھی گرایا گیا ہے ۔
ائر وائس مارشل کپور کے مطابق یہ طیارہ لائن آف کنٹرول کے پار پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حدود میں گرا تھا ۔
خیال رہے کہ بدھ کی صبح پاکستان نے دو انڈین جیٹ مار گرانے کا دعوی کیا تھا جس میں سے ایک مگ 21 کا ملبہ پاکستانی کشمیر میں گرا تھا اور اس کے انڈین پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔
انڈیا نے بدھ کو بھی یہ دعوی کیا تھا کہ اس کی ائر فورس نے پاکستانی ایف سولہ گرایا ہے تاہم اس کے ثبوت کے طور پر کسی جگہ کوئی ملبہ نہیں دکھایا گیا ۔
آزاد ذرائع سے تاحال اس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ بدھ کو پاکستان کا کوئی جیٹ کہیں گرا ہے ۔ اسی طرح پاکستانی فوج کے ترجمان نے پہلے دعوی کیا تھا کہ دو انڈین پائلٹ گرفتار کیے گئے ہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا تھا کہ صرف ایک پائلٹ حراست میں ہے ۔
پاکستان کے وزیراعظم نے انڈین پائلٹ ابھے نندن کو جمعہ کے روز انڈیا کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔