طالبان کے حملے میں 25 ہلاک
افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے امریکی فوجی بیس پر حملہ کیا ہے جس کی سیکورٹی پر مامور ۲۵ افغان فوجی اہلکار مارے گئے ہیں ۔
طالبان کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ ہلمند صوبے میں کیے گئے اس حملے میں امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے تسلیم کیا ہے کہ افغانستان میں فوجی بیس پر طالبان کے حملے میں 25 فوجی ہلاک ہوئے ہیں تاہم انہوں نے دعوی کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں 20 طالبان جنگجو بھی مارے گئے ۔
خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے اس فوجی کیمپ پر 48 گھنٹے کے اندر تین بار حملہ کیا جس کے باعث افغان سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے طلب کرنے پڑے لیکن اس دوران افغان فوج کے کئی اہلکار مارے گئے ۔
خیال رہے کہ طالبان اور امریکی حکام کے درمیان افغانستان میں امن کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کے تین دور ہو چکے ہیں ۔
طالبان نے سال ۲۰۱۹ کے آغاز سے ہی اپنی مسلح کارروائی میں تیزی لا کر مذاکرات میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے ۔

