وین میں آگ لگنے سے 15 افراد زندہ جل گئے
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں جی ٹی روڈ پر ایک مسافر وین میں آگ لگنے 15 مسافر زندہ جل گئے جن کی نعشیں ناقابل شناخت ہو گئیں ۔
ریسکیو حکام کے مطابق گوجرانوالہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر وین میں جہلم کے علاقے سوہاوہ کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے یکدم پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا ۔
مقامی افراد اور عینی شاہدین کے مطابق صرف آخری نشستوں پر بیٹھے افراد کو شیشے توڑ کر جان بچانے کی مہلت مل سکی ۔
جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے صحافی ماجد جرال کے مطابق حادثہ ترکی ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جس میں 15 مسافر موقع پر ہی زندہ جل گئے اور ان نعشیں ناقابل شناخت ہوگئیں ۔
ریسکیو اہلکاروں نے جلے ہوئے انسانی ڈھانچوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا ہے جہاں ان کی شناخت ڈی این اے نمونوں کے ذریعے کی جائے گی ۔

