ففتھ جنریشن وار کی آڑ میں شہری آزادیاں سلب: آل پارٹیز کانفرنس
اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ففتھ جنریشن وار کی آڑ میں شہریوں کی آزادیوں اور بنیادی حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوج ملک کی سیاست میں کسی قسم کی مداخلت ہرگز نہ کرے۔
جمعرات کو مقامی ہوٹل میں پاکستان بار کونسل کے زیراہتمام کل جماعتیں کانفرنس نے ججز کے تقرر کے طریقہ کار، شہری آزادی کی صورتحال اور احتساب کے عمل کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔
کانفرنس میں ملک کی تمام بڑی جماعتوں کے قائدین اور وفود نے شرکت کی جن میں بلاول بھٹو، شہباز شریف، محمود خان اچکزئی، حیدر خان ہوتی، عبدالغفور حیدری، شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق، محسن داوڑ اور دیگر شامل تھے۔
پاکستان بار کونسل کے ممبر اختر حسین نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ججز کی تقرری ،شہریوں کی آزادی ،اور احتساب ملک میں اعلی عدلیہ تقرری کا طریقہ کار غیر تسلی بخش ہے،جوڈیشل کمیشن کا ادارہ ججز کا کنسورشیم ہے، انیسوی ائینی ترمیم ختم کی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک میں موجودہ انصاف کا نظام غیر موثر ہوچکا جسے پولیٹیکل انجنیئرنگ کے لیے استعمال ہو رہا ہے، نیا احتساب کا نظام بنایا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک کے تمام سرکاری اداروں کیلئے یکساں احتساب کا نظام لایا جائے، ملک میں شہری آزادیوں کو صحافیوں کی حفاظت کیلئے فوری قانون سازی کی جائے،تمام لاپتہ افراد کو رہا کیا جائے یا عدالتوں میں پیش کیا جائے، اعلامیے میں فوج کے سیاست میں بڑھتے کردار پر تشویش کا اظہار کیاگیا ہے۔

