وزیرستان اور گوادر میں دہشت گردی: 20 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں الگ الگ حملوں میں 14 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں رزمک کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک افسر سمیت چھ اہلکار مارے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر تیل و گیس کی کمپنی کے ملازمین کے قافلے کی حفاظت کرنے والے اہلکاروں پر حملے میں 14 ہلاکتیں ہوئیں جن میں آٹھ فرنٹیئر کور کے اہلکار جبکہ چھ او جی ڈی سی ایل کے سکیورٹی گارڈز ہیں۔
پہاڑوں میں چھپے شدت پسندوں نے قافلے پر فائرنگ کی اور ایک گولی فرنٹیئر کور کی گاڑی کے فیول ٹینک میں لگی جس سے دھماکہ ہوا۔ گاڑی میں سوار چاروں اہلکار جھلس گئے۔
قافلے میں شامل سکیورٹی اہلکاروں کی دوسری گاڑی الٹ گئی جس کے بعد فائرنگ کی زد میں آنے سے چاروں اہلکار موقع پر ہی موت کے منہ میں چلے گئے۔
تیل و گیس کی کمپنی کے کارکن حملے میں محفوظ رہے۔