صحافی احمد نورانی کے گھر پر حملہ، دو بھائی اغوا
Reading Time: < 1 minuteجلاوطن پاکستانی صحافی احمد نورانی کے اسلام آباد والے گھر پر حملہ کر کے اُن کے بھائیوں پر تشدد کیا گیا ہے اور اُن کی والدہ کے مطابق دونوں بیٹوں کو نامعلوم افراد اغوا کر کے ساتھ لے گئے ہیں۔
صحافی اعزاز سید نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ اُن کی شہر کے سیکٹر آئی 14 میں احمد نورانی کی والدہ سے ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے حملے کی تفصیلات بتائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے اور اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر رات گئے گھر میں گھسے۔
صحافی احمد نورانی گزشتہ چند برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور اُن کی آزادانہ کام کرنے والی ویب سائٹ فیکٹ فوکس ایسی تحقیقاتی رپورٹس شائع کرتی ہے جن معاملات پر پاکستانی میڈیا خاموش رہتا ہے۔
احمد نورانی نے ایکس پر ایک ویڈیو بیان میں بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر حملہ آوروں نے رات ایک بجے اُن کے گھر دستک دے کر کہا کہ وہ پولیس کے محکمے سے ہیں۔
احمد نورانی کے مطابق اُن کی والدہ نے دروازہ نہ کھولا جس پر توڑنے کی دھمکی دی گئی اور پھر 25 افراد نے دیواریں پھلانگیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ والدہ کے سامنے بھائیوں کو تذلیل کا نشانہ بنانے کے بعد اغوا کیا گیا۔
فیکٹ فوکس نے گزشتہ روز پاکستان کے آرمی چیف کے خاندان کے بارے میں رپورٹ شائع کی تھی۔
فیکٹ فوکس تک پاکستان میں رسائی فائر وال لگا کر بند کی جا چکی ہے۔