ڈرون پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب، پی ایس ایل امارات منتقل
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز اب متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔ ان میچز کے شیڈول، سٹیڈیم اور تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل راولپنڈی سٹیڈیم میں 8 مئی کو ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ ری شیڈول کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ میچ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا تاہم پاکستان اور انڈیا درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث اس کے منعقد ہونے پر سوالیہ نشان موجود تھا۔
اس سے قبل پاکستانی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا کہ انڈیا کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب موجود فوڈ سٹریٹ میں بھی گرا۔