اسلام آباد پریس کلب میں کس کو پریس کانفرنس کی اجازت نہ ملی؟
Reading Time: 2 minutesدانش ارشاد ۔ صحافی، اسلام آباد
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سردار صغیر خان کی پریس کانفرنس رکوا دی گئی.
لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سردار صغیر نے 24 اکتوبر کو ہونے والے مارچ پر تشدد اور گرفتاریوں اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بات کرنی تھی اور پریس کلب نے پریس کانفرنس کے وقت سے 45 منٹ قبل سردار صغیر کو فون پر پریس کانفرنس منسوخی کی خبر دی۔
سردار صغیر کا کہنا ہے کہ انہیں 1:15 بجے موبائل فون کال کے ذریعے بتایا گیا جب وہ پریس کانفرنس کیلئے جا رہے تھے. ان کا کہنا ہے کہ پریس کلب کی طرف سے بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز کے باعث پریس کانفرنس نہیں کی جا سکتی۔
اس بارے میں جب پریس کلب کے صدر شکیل انجم سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ میرے علم کے مطابق سردار صغیر نے پریس کانفرنس خود منسوخ کی تاہم مکمل تفصیل آپ پریس کلب آفس سے لے سکتے ہیں جب پریس کلب آفس رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا پریس کلب میں آج دو تقاریب ہونا تھی اور کورونا وائرس میں شدت کے باعث پریس کلب میں آج ہونے والی دونوں تقاریب منسوخ کی گئی ہیں اور اوپر سے آرڈرز تھے. جب پوچھا گیا اوپر سے کس کے احکامات تھے تو بتایا گیا کمشنر اسلام آباد کی جانب سے احکامات تھے کہ یہ ایونٹ منسوخ کئے جائیں. دوسری تقریب کو پریس کلب کا ہی ایونٹ بتایا گیا ہے۔
سردار صغیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا صرف بہانہ کیا گیا اصل میں نادیدہ قوتوں نے پریس کانفرنس رکوائی۔