اہم

’مثبت توقعات‘ کے ساتھ امریکی صدر کی روسی صدر سے بات چیت متوقع

مارچ 17, 2025 2 min

’مثبت توقعات‘ کے ساتھ امریکی صدر کی روسی صدر سے بات چیت متوقع

Reading Time: 2 minutes

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یوکرین میں تین برس سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے رواں ہفتے بات چیت متوقع ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بات اتوار کو سی این این سے گفتگو میں مشرق وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے سٹیو وِٹکوف نے بتائی ہے۔

سٹیو وٹکوف جمعرات کو روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ماسکو میں (ان کے مطابق) ایک ’مثبت‘ ملاقات کے بعد واپس امریکہ پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے توقع ہے کہ اس ہفتے دونوں صدور ٹیلی فون پر آپس میں بات کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ ہم یوکرینی قیادت سے بھی رابطے میں ہیں۔‘

سٹیو وٹکوف نے کہا کہ ان کے خیال میں ٹرمپ اور پوتن کے درمیان بات چیت ’کافی اچھی اور مثبت‘ رہے گی۔

اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان 30 روزہ جنگ بندی کی اپنی تجویز پر روس کی تائید حاصل کریں۔

اس سے قبل جمعے کو ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’اس خوفناک اور خونی جنگ کے خاتمے کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے۔‘

انہوں نے یہ ’پرزور درخواست‘ کی تھی کہ پوتن ان ہزاروں یوکرینی فوجیوں کو ہلاک نہ کریں جنہیں گزشتہ ہفتے روسی افواج نے کرسک سے پیچھے دھکیلا ہے۔

اس کے جواب میں صدر پوتن نے کہا تھا کہ وہ اسی صورت میں ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کو ’اعزاز‘ بخشیں گے اگر یوکرینی سپاہی ہتھیار ڈال دیں۔

کریملن نے جمعے کو اس تنازع کے خاتمے سے متعلق ’محتاط امید‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر پوتن نے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف کے ذریعے جنگ بندی کے اپنے منصوبے سے متعلق پیغام صدر ٹرمپ کو بھیجا ہے۔

اس کے بعد امریکی نمائندوں نے مختلف ٹی وی چینلز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس کے جنگ بندی منصوبے سے اتفاق سے قبل کئی تبدیلیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، جو اس جنگ کے حتمی اور پرامن خاتمے کی ضمانت دے سکیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے