پاکستان24

پریا رمانی کے خلاف ہتک عزت،سابق یونین منسٹر مقدمہ ہار گئے

فروری 17, 2021

پریا رمانی کے خلاف ہتک عزت،سابق یونین منسٹر مقدمہ ہار گئے

انڈیا میں نئی دہلی کی عدالت نے سابق خاتون صحافی پریا رامانی کو ہتک عزت کے مقدمے میں بری کر دیا ہے۔

اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بدھ کو عدالت نے سابق یونین منسٹر ایم جے اکبر کی طرف سے پریا رامانی کے جنسی ہراسگی کے الزام کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے میں ریمارکس دیے کہ ’ایک عورت کو اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف کئی سال بعد بھی آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے۔‘

عدالت نے فیصلے میں ’مہابھارت اور ’رامائن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ خواتین کی عزت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ان کا حوالہ دے رہی ہے اور یہ شرم ناک ہے کہ ایسے واقعات آج بھی ملک میں ہو رہے ہیں۔‘

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’زیادہ تر خواتین بدنامی کے ڈر سے جنسی ہراس کے خلاف بات نہیں کرتیں۔ جبکہ بعض اوقات مظلوم یہ بھی سمجھ نہیں پاتا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ اس شدید ظلم سے گزرنے کے باوجود وہ خاموش رہنے کو ترجیح دیتا ہے۔‘

عدالت نے اس دلیل کو بھی قبول کیا ہے کہ ایم جے اکبر اچھی شہرت کے حامل شخص نہیں ہیں اور ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا کہ ’ساکھ کا حق ایک عورت کی زندگی کے حق سے اہم نہیں ہے۔‘

فیصلے میں جنسی طور پر ہراساں ہونے والےافراد کے تحفظ کے لیے قوانین کی عدم موجودگی ہر بھی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سنہ 2018 میں رامانی نے ’می ٹو موومنٹ‘ کے دوران ایم جے اکبر پر جنسی ہراس کا الزام عائد کیا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ دسمبر 1993 میں ممبئی کے ایک ہوٹل میں انٹرویو کے دوران اکبر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

ان الزامات کے بعد اکبر کو اپنی وزارت سے مستعفی ہونا پڑا تھا لیکن انہوں نے وزارت چھوڑنے سے پہلے رامانی کے خلاف انہیں مبینہ طور پر بدنام کرنے کی شکایت درج کروائی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے