لبیک والوں نے 11 یرغمال اہلکار چھوڑ دیے، آج مکمل ہڑتال
پاکستان کے شہر لاہور میں کالعدم مذہبی تنظیم نے گیارہ پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے جبکہ مختلف مسالک کی مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے ملک بھر میں آج پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔
اتوار کو رات گئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’حکومت اور تحریک لبیک کی بات چیت جاری ہے۔ لاہور میں انہوں نے 11 ’یرغمال‘ پولیس اہلکار چھوڑ دیے ہیں۔ پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا ہے۔ پیر کی صبح بات چیت کا دوسرا راؤنڈ ہوگا‘۔
وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔
شیخ رشید نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’تحریک لبیک کے کارکن اب لاہور میں مسجد کے اندر چلے گئے ہیں اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔ بات چیت کے دوسرے راؤنڈ میں باقی ماندہ معاملات بھی طے پا جائیں گے‘۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اہلسنت کے رہنما مفتی منیب الرحمان کی آج پیر کو لاہور واقعہ کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے جبکہ آل پاکستان تاجر اتحاد کے صدر اجمل بلوچ نے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

