پاکستان پاکستان24

سپریم کورٹ: کالعدم تنظیم کے سعد رضوی کی رہائی روک دی

اکتوبر 12, 2021

سپریم کورٹ: کالعدم تنظیم کے سعد رضوی کی رہائی روک دی

پاکستان کی سپریم کورٹ نے کالعدم سنی تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی نظربندی ختم اور رہائی کے فیصلے پر عمل درآمد روکتے ہوئے معاملہ دوبارہ لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت نے اپیل کی تھی۔

سپریم کورٹ نے منگل کو حکم دیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی خصوصی بنچ کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے۔

جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل عدالتی بینچ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل کی سماعت کی۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ’افسوسناک واقعے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جان کی بازی ہارے۔‘
وکیل نے کہا کہ ہائیکورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع نہیں کی جس پر جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا انسداد دہشتگری دفعات کے تحت نظر بندی کا کوئی گزٹ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا؟

وکیل کا کہنا تھا کہ ’گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔‘

سعد رضوی کے وکیل برہان معظم ملک نے کہا کہ ’حکومت کے پاس 90 دن کے بعد نظر بندی کی توسیع کا اختیار نہیں ہے۔ جب ہنگامہ ہوا اس سے پہلے سے سعد رضوی جیل میں ہیں۔ سعد رضوی بغیر کسی وجہ کے چھ ماہ سے جیل میں قید ہیں۔‘

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ’شاید دونوں فریقین کی طرف سے کیس کو درست طریقے سے ڈیل نہیں کیا گیا۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی کیس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے