طبی ایمرجنسی کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، 20 مسافر فرار
Reading Time: < 1 minuteسپین کے ایک ایئرپورٹ کو اس وقت چار گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑا جب طبی ایمرجنسی کی وجہ سے لینڈنگ کرنے والے ایک طیارے کے متعدد مسافر وہاں سے فرار ہو گئے۔
سپین کے جزیرے پالما دی ملورکا ایئرپورٹ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مراکش سے ترکی جانے والے طیارے نے بحیرہ روم کے جزیرے پر میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کی۔
جزیرے کی سول گارڈ پولیس کے مطابق بیمار مسافر کو طیارے سے ہسپتال پہنچانے کے دوران موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 مسافر فرار ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق چند مفرور مسافروں کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔
مقامی اخبار ال پیس کے مطابق تفتیش کار اس مفروضے پر بھی کام کر رہے ہیں کہ سپین میں غیرقانونی طور پر داخلے کے لیے طبی ایمرجنسی کی صورتحال جان بوجھ کر پیدا کی گئی ہو۔
اخبار کے مطابق جس مسافر نے خرابی صحت کی شکایت کی تھی جب اس کو ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کو مکمل صحتمند قرار دیا جس پر حکام نے ’غیرقانونی امیگریشن میں معاونت‘ کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ بیمار مسافر کو ہسپتال تک لے جانے والا مسافر بھی موقع سے غائب ہو گیا جبکہ حکام نے کُل پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سکیورٹی کے اس واقعہ کی وجہ سے جزیرے پر آنے والی 13 فلائٹس کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ پالما دی ملورکا سے اڑنے والی 16 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایئرپورٹ کو چار گھنٹے بند رکھنے کے بعد رات گئے پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔