بول نیوز بنام جیو نیوز، ہائیکورٹ میں مقدمے کی سماعت
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری کو دوسرے شہری کو غدار کہنے کا حق نہیں جب تک ریاست اس کے خلاف ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ الزام ثابت نہ کر دے۔
پیر کو جیو ٹی وی کے حق میں دیے گئے پیمرا کے فیصلے پر بول ٹی وی کی اپیل کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بول نیوز کے وکیل سے پوچھا کہ کیا کوئی کسی کو غدارِ وطن کہہ سکتا ہے؟
بول نیوز کے وکیل نے جواب دیا کہ ان کے چینل نے کسی کو غدار نہیں کہا۔
الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے وکیل نے بتایا کہ بول نیوز نے جیو نیوز کو غدار کہنے کا پیمرا کے سامنے دفاع کیا۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ پیمرا کتنا جرمانہ عائد کر سکتا ہے؟
عدالت کو بتایا گیا کہ دس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
مقدمے کی سماعت بول نیوز کے وکیل کی درخواست پر جمعرات تک ملتوی کر دی گئی.