اہم خبریں متفرق خبریں

شاہ رخ کے خلاف مہم، انتہاپسند شیو سینا کی رکن اُرمیلا متوندکر نے کیا کہا؟

فروری 7, 2022 < 1 min

شاہ رخ کے خلاف مہم، انتہاپسند شیو سینا کی رکن اُرمیلا متوندکر نے کیا کہا؟

Reading Time: < 1 minute

انڈین اداکارہ اور سیاست دان اُرمیلا متوندکر نے بالی وڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کے خلاف انتہاپسندوں کی مہم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرہ زوال پذیر ہے۔

گذشتہ روز انڈیا کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کے دوران شاہ رخ خان نے ماسک ہٹا کر پھونک ماری تھی جس کے بعد اُن کے خلاف مہم جاری ہے۔

انڈیا میں انتہا پسند سیاستدانوں کے حامیوں نے شاہ رخ کے اس عمل کو لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے سے تعبیر کیا۔

شاہ رخ خان پر یہ الزام لگانے والوں میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کے رکن ارن یادیو سمیت سینکڑوں لوگ پیش پیش تھے۔

شاہ رخ خان کی ساتھی اداکارہ اور مہاراشٹر کی سیاسی جماعت شیو سینا کی رکن اُرمیلا متوندکر نے کہا کہ معاشرہ اور سیاست زوال پذیر ہیں۔

شاہ رخ خان کے ساتھ 1992 میں ’چمتکار‘ فلم میں کام کرنے والی 48 سالہ اداکارہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بحیثیت معاشرہ ہم اتنے گر چکے ہیں کہ ہم دعا دینے کو بھی تھوکنا سمجھتے ہیں۔‘

شاہ رخ خان کے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’آپ ایک ایسے اداکار کے بارے میں بات کر رہے ہیں جس نے اپنے ملک کی کئی بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نمائندگی کی ہے۔‘

اُرمیلا کا کہنا تھا کہ ’سیاست ایسی گری ہوئی سطح پر پہنچ چکی ہے اور یہ ایک افسوسناک بات ہے۔‘

یاد رہے لتا منگیشکر طویل علالت کے بعد اتوار کی صبح ممبئی میں  92 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں۔

ان کی آخری رسومات میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔ 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے