پاکستان ایسے چند ملکوں میں شامل جہاں پریس آزاد: وزیر اطلاعات
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں بہت سارے صحافی پسند نا پسند کی بنیاد پر فیک نیوز پھیلاتے ہیں۔
بدھ کو پشاور میں ہائیکورٹ سے توہین عدالت کیس میں معافی مانگنے کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پریس آزاد ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نشریاتی اداروں میں مالکان نے اداریاتی پوسٹوں پر قبضہ کرکے صحافت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔
وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ نشریاتی اداروں نے حالیہ برسوں میں 929 ارب روپے کمائے ہیں اس کے باوجود بھی رپورٹر اور کیمرہ مین کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں۔
فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ پانچ سات صحافیوں نے گروپ بنا کر اپنی پسند کی خبریں چلانا شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ خصوصی عدالت کی جانب سے فواد چوہدری کے سابق پارٹی لیڈر پرویز مشرف کے خلاف فیصلے کے بعد انہوں نے مرحوم جسٹس وقار احمد سیٹھ پر تضحیک آمیز جملے بازی کی تھی۔
ان کے ساتھ سابق مشیر فردوس عاشق اعوان بھی شامل تھیں۔ دونوں نے پشاور ہائیکورٹ میں معافی نامہ جمع کرایا۔