ہمیں لندن میں بیٹھے پاکستانی دہشت گرد پر ڈرون حملے کی اجازت کیوں نہیں؟
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے لندن میں الطاف حسین کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
اتوار کو پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لندن میں 30 سال سے ہمارا دہشتگرد بیٹھا ہے، جس نے پاکستانیوں کو قتل کیا اور آرام سے بیٹھا ہے، کیا آپ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اس دہشتگرد کوڈرون حملہ کر کے مار دیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے حقوق اور مفادات کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری ہے، کسی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دوں گا۔
’ہمارے ملک میں 2008 سے 2018 تک چار سو سے زیادہ ڈرون حملے اس ملک نے کیے جس کی جنگ ہم لڑ ہرے تھے۔ آصف زرداری اور نواز شریف نے اس کی ایک بار بھی مذمت نہیں کی۔‘
’پاکستان کو ہر ملک سے اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔ میں 22 کروڑ پاکستانیوں کا وزیراعظم ہوں، میری ذمہ داری ہے کہ میں پاکستان کے مفادات کی حفاظت کروں۔ میں ایسی خارجہ پالیسی بنانے کی اجازت نہیں دوں گا جس سے پاکستان کو نقصان پہنچے۔‘

