مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ سے قبل اسرائیلی پولیس کی شیلنگ، 152 زخمی
Reading Time: < 1 minuteفلسطین کی مسجد اقصیٰ میں جمعے کی صبح نماز کے لیے اکھٹے ہونے والے ہزاروں افراد کی اسرائیلی پولیس سے جھڑپوں میں 152 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعے کی صبح اسرائیلی پولیس اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان تصادم ہوا۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ اس تشدد کی شروعات کیسے ہوئیں۔
مسجد کے انتظامات کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس سورج طلوع ہونے سے قبل زبردستی مسجد میں داخل ہوئی۔ اس وقت ہزاروں افراد عبادت کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیوز میں فلسطینیوں کو پتھر پھینکتے ہوئے جبکہ اسرائیلی پولیس کو آنسو گیس کے شیل اور سٹن گرنیڈ کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بعض ویڈیو میں عبادت گزار آنسو گیس کے دھوئیں سے بچنے کے لیے مسجد کے اندر پناہ کی تلاش میں بھاگتے نظر آتے ہیں۔
فلسطین کی ریڈ کریسٹ ایمرجنسی سروس نے کہا ہے کہ انہوں نے 152 زخمی افراد کو ہسپتالوں میں پہنچایا ہے۔
مسجد کی انتظامیہ نے بتایا کہ ’مسجد کے ایک محافظ کی آنکھ میں ربڑ کی گولی ماری گئی ہے۔‘
اسرائیلی حکام کی جانب سے اس بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ یا بیان سامنے نہیں آیا۔