ضمنی الیکشن جیتنے سے غیرآئینی کام کا لائسنس نہیں ملتا:وفاقی وزیرِداخلہ
پاکستان کے وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن جیتنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو غیرآئینی کام کرنے کا لائسنس مل گیا،اگر اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی تو پوری قوت سے روکیں گے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو پہلے سے ذیادہ ووٹ ملے ہیں،عمران خان کو جو ووٹ ملیں وہ درست اور دوسروں کو پڑنے والے چور ڈاکو، یہ رویہ جمہوریت کے منافی ہے،آپ کے خلاف جو ووٹ پڑے ان کو بھی عزت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب یہ ہے کہ ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے اسے تبدیل یا ٹیمپر نہ کیا جائے۔
وفاقی وزیرِداخلہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب اپنے وقت پر جنرل الیکشن ہو گا تو انہیں صوبائی حکومتوں کی مدد حاصل نہیں ہو گی،دوسرا بجلی کے بلوں کی وجہ سے بھی پندرہ بیس ہزار کا فرق پڑا لیکن جنرل الیکشن میں صورت حال مختلف ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے ہم نے مشکل کئے،سیاست کی پرواہ کئے بغیر مشکل فیصلے کئے،وہ فیصلے ہم نے دل پر پتھر رکھ کر کئے،بلاشبہ مہنگائی بڑھی،اب ہم مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں کمی لائیں گے اور لوگوں کو ریلیف فراہم کریں گے اور ووٹوں کے فرق کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان برسراقتدار تھے تو اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے ضمنی انتخابات ہم جیت رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت کسی کو نہیں گے،پوری قوت سے روکیں گے،ہم ملک میں جمہوریت اور آئین کا تحفظ کریں گے۔

