لاپتہ افراد کے حق میں شاعری بھی جرم ہے؟سرداراخترمینگل
بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان اور ملتان میں لاشوں کے ڈھیر لگائے گئے،پڑھے لکھے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پڑھے لکھے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔ایک روز قبل کے مبینہ مقابلے میں مارے جانے افراد کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسیم تابش طالب علم تھا جس نے لاپتہ افراد کے حق میں شعر پڑھے تھے،کیا ملک میں شاعری بھی گناہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے جانے والی افراد کی شناخت ہو گئی ہے،بلوچستان میں جعلی مقابلے روکے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور ملتان میں لاشوں کے ڈھیر لگائے گئے،نشتر ہسپتال ملتان کی چھت سے ملنے والی لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے،اگر کسی لاپتہ شخص ہے تو ورثاء کو آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں کی حکومتیں آئیں ،آئین میں تبدیلیاں ہوئیں لیکن بلوچستان تبدیل نہیں ہوا،اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ حکومتوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں۔

