’واوڈا نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی‘، پارٹی رکنیت معطل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس کے بعد ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی اپنی پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔
نیوز کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور حامیوں نے سوشل میڈیا پر فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اور ان کے بیان پر دو روز میں وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دے کر پارٹی ڈسپلن اور گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
’یہ قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے، شوکاز نوٹس ملنے کے دو روز کے اندر جواب دیں کہ کیوں آپ کی پارٹی رکنیت منسوخ نہ کی جائے۔‘
شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپ کو جواب ملنے تک آپ کی پارٹی رکنیت معطل کی جاتی ہے اور اس وقت تک آپ جماعت کا کوئی عہدہ رکھ سکتے ہیں نہ میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔‘
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’فیصل واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’جب عمران خان نے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ سب کو پرامن رہنا ہے تو ان (فیصل واوڈا) کی نیوز کانفرنس میں کیا وزن رہ جاتا ہے؟‘
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور پاکستان واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔‘
فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مجھے اس مارچ کے اندر جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں۔ میں ان لوگوں کو چند لوگوں کی سازش کے ذریعے نہیں مرنے دوں گا۔‘

