مشہور ہالی وڈ اداکار برفانی طوفان میں شدید زخمی، حالت تشویشناک
Reading Time: < 1 minuteہالی وڈ کے مشہور اداکار جیریمی رینر نیواڈا میں راستے سے برف ہٹاتے وقت شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
’اوینجرز‘ سیریز میں ’ہاک آئی‘ کا کردار ادا کرنے والے 51 سالہ اداکار گھر کے قریب حادثے کا شکار ہوئے۔
جیریمی رینر امریکی ریاست نیواڈا میں تاؤو جھیل کے کنارے پہاڑوں کے قریب اپنے گھر میں مقیم تھے۔
تقریباً تین ہفتے قبل جیریمی رینر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کی گاڑی کو برف میں دبا دیکھا جاسکتا تھا۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے مذاقاً لکھا تھا کہ ’جھیل تاؤو میں برف باری مذاق نہیں۔‘
جیریمی رینر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ جیریمی برف ہٹاتے ہوئے ایک موسمی حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیریمی رینر کا خاندان ان کے ساتھ ہے اور ان کی اچھی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد اداکار کو جہاز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خیال رہے امریکی کے جنوبی علاقوں پچھلے ماہ شدید برف باری کی لپیٹ میں رہے ہیں جس کی وجہ سے درجنوں افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔