پیمرا کا حکمنامہ، عمران خان کی تقاریر اور بیانات دکھانے پر پابندی عائد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے عمران خان کی ریکارڈڑ یا براہ راست تقاریر ٹی وی چینلوں پر دکھانے پر پابندی عائد کی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی تقاریر اور بیانات میں مسلسل ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور اپنی تقایر اور بیانات کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں جو کہ امن و امان اور سکون کے لیے خطرہ ہے۔
پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق عمران خان کی لائیو اور ریکارڈ کی گئی دونوں طرح کی تقاریر اور بیانات پر ہوگا۔
پیمرا نے ٹی وی چینلز کو کہا ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ کوئی بھی شخص ان کا پلیٹ فارم ’ہتک آمیز‘ بیان بازی کے لیے استعمال نہ کرے جو کہ ریاستی اداروں کے خلاف ہو یا جس سے ملک میں نفرت پھیلے یا امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچے۔
واضح رہے گذشتہ برس نومبر میں بھی پیمرا نے عمران خان کی لائیو یا ریکارڈ کی گئی تقاریر یا بیانات نشر کرنے پر پابندی لگائی تھی لیکن یہ پابندی صرف ایک گھنٹے میں وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے حکم پر واپس لے لی گئی تھی۔