گاڑی کا چالان کیوں کیا، فائرنگ سے ہائی وےپولیس اہلکار قتل
Reading Time: < 1 minuteسید نعمان شاہ . مانسہرہ
مانسہرہ میں ہزارہ موٹروے پر بیدڑہ انٹرچینج کے باہر ہائی وےٹریفک پولیس کی جانب سے 1500 روپے چالان کرنے پر توں تکرار کے بعد کار میں سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار قتل جبکہ 2 زخمی ہو گئے.
ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کی گئی ہے.
مانسہرہ پولیس کے مطابق مانسہرہ کے علاقے بیڈرہ انٹرچینج کے قریب پشاور سے مانسہرہ آنے والی کار کو قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کے لیے روکا گیا جس کے بعد کار میں سوار افراد کی جانب سے ہائی وے پولیس اہلکاروں سے توں تکرار شروع ہو گئی .
اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس ہیڈ کانسٹیبل عامر دیگر دو اہلکاروں سمیت شدید زخمی ہو گیا جنھیں ابتدائی طبی امداد کے لیے مانسہرہ کے کنگ عبد ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر عامر زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے موت کے منہ میں چلا گیا جبکہ دیگر دو زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے.
واقعے کی اطلاع کے بعد ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈہ پور بھی ہسپتال پہنچے اور زخمی پولیس اہلکاروں سے معلومات حاصل کی.
ڈی پی اوکے مطابق واقعے کے بعد مانسہرہ کے خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کر لی گئی جن کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔