حکومت سوشل میڈیا سے خوفزدہ، نیشنل سائبر کرائمز انوسٹیگیشن ایجنسی قائم
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال اور اثر کو کم کرنے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
جمعے کی شام صدارتی آرڈیننس کے ذریعے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے اختیارات ختم کر دیے گئے۔
حکومت نے ایف آئی اے کی طرز پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائمز انوسٹیگیشن ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت قائم کی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ وزارت داخلہ کے ماتحت الگ سے اتھارٹی ہوگی۔ نیشنل سائبر کرائمز انوسٹیگیشن ایجنسی کا سربراہ ڈائریکٹر جنرل ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر کم از کم گریڈ 21 کا اور 63 سال تک کی عمر کا افسر تعینات کیا جائے گا۔
ایجنسی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دوسرے ضروری عہدے ہوں گے۔
ایجنسی کے ڈی جی کو دو سال کے لیے وفاقی حکومت تعینات کرے گی۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائمز کی تمام انکوائریاں، تحقیقات، اثاثہ جات نئی ایجنسی کے سپرد کر دیے گئے۔