غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ، دو فوجی ہلاک جبکہ سات زخمی
Reading Time: < 1 minuteاسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ جنگ سے تباہ حال غزہ کے جنوب میں اس کا ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک جبکہ سات زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ دشمن کی فائرنگ سے پیش نہیں آیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حادثے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے جو اس کے ہیلی کاپٹر کو جنوبی شہر رفح کے قریب لینڈنگ کے وقت پیش آیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 27 اکتوبر کو غزہ میں زمینی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے اسرائیل کے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 344 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی حکومت کے مطابق گذشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد جنگ کا آغاز ہوا جس کے نتیجے میں اس کے ایک ہزار 205 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
اس حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے 251 افراد کو اغوا کیا جن میں سے 97 اب بھی غزہ میں قید ہیں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے 33 مغوی مارے جا چکے ہیں۔
حماس کے زیرانتظام علاقے کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی میں اب تک کم سے کم 41 ہزار 20 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اسی حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔