کوژک ٹاپ اور شیلاباغ میں برفباری، پاکستان کے دیگر علاقوں کا موسم کیسا رہے گا؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں بارش جاری ہے جبکہ کوئٹہ کے قریب کوژک ٹاپ، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت، کان مہترزئی میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ریسکیو ٹیمیں قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 20جنوری تک جاری رہے گا.
پی ڈی ایم اے کے مطابق خانوزئی تا مسلم باغ سیکشن پر برفباری کے دوران سڑکوں پر نمک کے چھڑکاؤ اور برف کو ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ ٹریفک کو رواں رکھا جا سکے۔
بڑی شاہراہوں پر موٹر پولیس کے اہلکار سفر کرنے والے شہریوں اور ڈرائیورز کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، مری اور گلیات میں کہیں بارش اور کہیں برفباری متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمایت نے پیر کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پربارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دُھند پڑنے کی توقع ہے۔
منگل کو بھی ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔