’یہ وقت بھی بدلے گا‘، اینکر منیزے جہانگیر کا آج نیوز پر ٹاک شو بند
انسانی حقوق کے لیے آواز اُٹھانے والی اینکر منیزے جہانگیر کا آج نیوز پر ٹاک شو سپاٹ لائٹ بند کر دیا گیا ہے۔
بدھ کی رات منیزے جہانگیر نے پروگرام کے آخر میں اپنے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔
ٹی وی میزبان نے کہا ہے کہ وہ تمام مہمانوں اور اُن سیاست دانوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جو اُن کے پروگرام میں شرکت کرتے رہے۔
منیزے جہانگیر کا کہنا تھا کہ آج نیوز کے ساتھ وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے وابستہ رہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ سپاٹ لائٹ کے نام سے آج نیوز پر اس ٹاک شو کا آغاز جنوری 2015 میں کیا گیا تھا۔
منیزے جہانگیر نے کہا کہ انہوں نے اس پروگرام میں بلوچستان، افغانستان، اور ہندوستان سے رپورٹنگ کی۔ زلزلے، سیلاب اور ایس سی او کے اجلاس کی کوریج کی۔
پروگرام کی میزبان نے کہا کہ یہ فیصلہ میرے لیے بھی، اور آج ٹی وی کی مینجمنٹ کے لیے بھی ایک مشکل (reluctant) فیصلہ تھا۔ تو صحافیوں کی زندگی میں یہ وقت آتا رہتا ہے۔ مگر ہماری کمٹمنٹ آپ تک حقائق پہنچانے تک ہے۔ اور آپ کا حق ہے کہ آپ سچ جانیے۔
منیزے جہانگیر نے کہا کہ وہ آج ٹی وی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے اس سفر کو آسان بنانے میں اُن کا ساتھ دیا، بھرپور ساتھ دیا اور وہ اُصولوں پر کھڑے رہے۔
آخر میں منیزے جہانگیر نے کہا کہ صحافت کا سفر چلتا رہے گا، یہ وقت بھی بدلے گا کیونکہ ہمارے بڑے کہتے تھے تم بولو گی، منہ کھولو گی تبھی زمانہ بدلے گا۔ آج ٹی وی کی حد تک خدا حافظ، اور آپ کے ساتھ میرا یہ رشتہ جڑا رہے گا۔

